ممبئی میں دیوار گرنے کے واقعہ میں ایک اور لڑکی کی موت

   

ممبئی۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی ممبئی کے بمہری پاڑہ علاقہ میں دیوار گرنے کے واقعہ میں جس میں 18 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ آج ایک اور 15 سالہ لڑکی کی نعش ملبہ سے نکالی گئی جو 12 گھنٹوں تک ملبہ کے نیچے دبی پڑی تھی۔ اس 15 سالہ لڑکی سچتا گنورے کو زندہ نکالنے کی ساری کوششیں رائیگاں ثابت ہوئیں، چونکہ لڑکی کے پاؤں ملبہ میں دھنس گئے تھے، لہذا اس کو زندہ بچایا نہیں جاسکا۔ بچاؤ ٹیم کے ایک ورکر نے کہا کہ سچتا مدد اور پانی کیلئے مسلسل چلا رہی تھی۔ ایک مقامی شہری کا بیان ہے کہ اس کی ’’مجھے باہر نکالو‘‘ کی گونج اس کے کانوں میں گونج رہی ہے۔ ملبہ کے نیچے سے اس لڑکی کی ’’پانی پانی‘‘ کی مبہم آوازیں مسلسل آتی رہیں۔ ایک اور عینی شاہد کے مطابق جس وقت دیوار منہدم ہوئی تو ایسا لگ رہا تھا کہ سونامی واقع ہوگئی ہے۔ ایک اور شہری نے کہا کہ مسلسل بارش کے باعث دیوار کے قریب پانی جمع ہوتا گیا اور اس پانی کے دباؤ کو دیوار برداشت نہ کرسکی اور گرگئی‘‘۔