ٹریفک و ریل خدمات متاثر‘ غیر ضروری گھروں سے نہ نکلنے عوام کومشورہ‘مزید بارش کی پیش قیاسی
ممبئی، 18 اگست (یو این آئی)مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی اور اطراف میں لگاتار ہورہی موسلادھار بارش نے شہر کی زندگی کو بری طرح متاثر کردیا ہے ۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے شدید بارش اور سڑکوں پر پانی بھر جانے کے باعث پیر کو دوپہر کے وقت کام کرنے والے تمام اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنے کا اعلان کردیا۔ دریں اثنا، محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے شہر اور مضافات کے لیے مزید بھاری بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔دوسری جانب مہاراشٹرا کے مراٹھواڑہ علاقے کے مکھیڈ تعلقہ میں بادل پھٹنے کے واقعہ کے بعد ناندیڑ ضلع کے پانچ افراد لاپتہ ہیں۔ وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ان افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تلاش جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں اگلے دو دن کیلئے ممبئی، تھانے اور رائے گڑھ اضلاع میں ریڈ الرٹ برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کے باعث اندھیری سب وے کی دونوں لین مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہیں۔ ممبئی ٹریفک پولیس نے بتایا کہ گاڑیوں کو اب ٹھاکرے برج اور گوکھلے پل سے متبادل راستے پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔ پولیس کے مطابق واکولا پل، حیات جنکشن اور کھار سب وے پر بھی پانی جمع ہے ، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت سست روی کا شکار ہے ۔سینٹرل ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر ڈاکٹر سوپنل نیلا کے مطابق کرلا اور تلک نگر کے درمیان ہاربر لائن پر ٹریک پوائنٹس بند کر دیے گئے ہیں۔ تاہم کسی مقام پر ٹرین سروس بند نہیں کی گئی۔ حکام نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ضرورت پڑنے پر بی ایم سی کے مرکزی کنٹرول روم کی ہیلپ لائن 1916 پر رابطہ کریں۔پیر کو لگاتار تیسرے دن بھی ممبئی میں زور دار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ دن کے وقت اندھیرا چھا جانے کے باعث بصارت متاثر ہوئی اور ٹریفک مزید سست پڑگیا۔ اندھیری سب وے ، لوکھنڈوالا کامپلیکس اور دیگر مقامات پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ تاہم بیسٹ انڈر ٹیکنگ نے وضاحت کی کہ کسی بھی بس روٹ کو تبدیل نہیں کیا گیا۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ رات بھر بارش کے بعد پیر کی صبح 9 بجے سے بارش کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔ صبح 9 بجے سے صرف ایک گھنٹے کے اندر جزیرہ نما شہر میں 37 ملی میٹر، مشرقی مضافات میں 39 ملی میٹر اور مغربی مضافات میں 29 ملی میٹر اوسط بارش ریکارڈ کی گئی۔ چیمبور میں سب سے زیادہ 65 ملی میٹر جبکہ شیواجی نگر میں ایک گھنٹے کے دوران 50 ملی میٹر بارش ہوئی۔حکام کے مطابق24 گھنٹوں میں جزیرہ نما شہر میں اوسطاً 54.58 ملی میٹر، مشرقی مضافاتی علاقوں میں 72.61 ملی میٹر اور مغربی مضافات میں 65.86 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران کئی مقامات پر 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش بھی درج کی گئی۔