ممبئی ، 18 نومبر (یو این آئی) تباہ شدہ پائپ لائن کی مرمت کا عمل منگل کی سہ پہر مکمل ہونے کے بعد ممبئی بھر میں کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کی فراہمی پوری طرح بحال ہوگئی، جس سے دو روزہ شدید رکاوٹ کے بعد ہزاروں گاڑی مالکان کو بڑی راحت ملی۔ گیس کی بحالی کے نتیجے میں آٹو رکشے دوبارہ سڑکوں پر آ گئے ہیں اور شہر میں ٹرانسپورٹ خدمات بھی بتدریج معمول کی طرف لوٹ رہی ہیں۔ سپلائی رکنے کے دوران سی این جی سے چلنے والے آٹو رکشے مکمل طور پر بند پڑے رہے ، جس کے باعث دفتری اوقات میں مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی ایپ پر مبنی ٹیکسیاں عارضی طور پر پیٹرول پر منتقل ہو کر اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے تھیں۔ اس قلت کے سبب پک اپ پوائنٹس پر سینکڑوں افراد کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں، جب کہ اسکول جانے والے طلباء اور ٹیوشن کلاسوں کے لیے روانہ ہونے والے بچوں کو بھی شدید تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ مہانگر گیس لمیٹڈ نے بتایا کہ بحران کی وجہ سی جی ایس وڈالا سہولت میں سپلائی کا کام مکمل طور پر رک جانا تھا، جس نے پورے ایم جی ایل پائپ لائن نیٹ ورک کو متاثر کیا۔ اس بندش کا اثر ممبئی، تھانے اور نوی ممبئی بھر کے سی این جی اسٹیشنوں پر پڑا۔ ممبئی میٹروپولیٹن ریجن کے تقریباً 398 سی این جی پمپوں میں سے شہر کی حدود کے 152 پمپ بھی کم دباؤ کا شکار رہے ، جنہیں یا تو ڈسپنسنگ کی صلاحیت میں کمی لانا پڑی یا پھر عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔ پیر کی شام جاری کردہ سرکاری بیان میں ایم جی ایل نے واضح کیا کہ سپلائی میں رکاوٹ کے دوران رہائشی صارفین کو ترجیح دی گئی۔
