ممبئی، 12 اگست (یو این آئی) ممبئی پولیس نے بامبے ہائی کورٹ کو بتایا کہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کو 20 اگست کو جنوبی ممبئی کے آزاد میدان میں غزہ کے مسئلہ پر “پرامن اسمبلی” کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ اس مظاہرے کا مقصد غزہ میں جاری مبینہ نسل کشی کے خلاف تشویش ظاہر کرنا ہے ۔ یہ سماعت سی پی آئی (ایم) کی جانب سے دائر اس عرضی پر ہو رہی تھی، جس میں پولیس کے جانب سے امن و امان کے خدشات کی بنیاد پر دی گئی اجازت نامے کی مستردگی کو چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اسمبلی دوپہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک سخت رہنما خطوط کے تحت منعقد ہوگی۔ پبلک پراسیکیوٹر ایس وی گووند کے بیان کے مطابق، درخواست گزار کے وکیل، سینئر ایڈوکیٹ مہر دیسائی نے یقین دہانی کرائی کہ یہ اجتماع پرامن ہوگا اور مقررہ وقت میں ہی اختتام پذیر ہوگا۔ عدالت نے قبل ازیں احتجاج کے دوران اشتعال انگیز تقاریر اور ممکنہ رکاوٹوں کے حوالے سے خدشات ظاہر کئے تھے۔