ممبئی میں شدیدبارش،عام زندگی متاثر

   

ممبئی: ممبئی میں منگل کی صبح غیر متوقع بارش ہوئی جبکہ دفتر موسمیات کے مطابق شہر میں 2023 کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت پیر کو 39.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔اس سے قبل گزشتہ اتوار بھی 12، مارچ کو بھی 39 سیلسیس کے آس پاس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیاتھا۔ممبئی کے شہری منگل کے روز ایک برساتی صبح کیساتھ جاگے،جبکہ شہر کے مغربی مضافاتی علاقوں کے ساتھ ساتھ جنوبی اور جنوب وسطی ممبئی میں غیر موسمی بارش ہوئی۔ دفتر موسمیات نے کہا ہیکہ منگل کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش، اور تیز ہوائیں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی توقع ہے ۔ ممبئی میں جس وقت غیر متوقع بارش ہوئی تب اسکول کے طلبہ اپنے اپنے اداروں کا رخ کرنے والے تھے اور ان کے اور والدین کے ہاتھوں میں چھتریاں تھیں۔موسم کی پیش قیاسی کرنے والی ایجنسی نے کہا کہ اگلے تین سے چار گھنٹوں کے دوران ممبئی، تھانے ، رائے گڑھ کے اضلاع میں الگ الگ مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی سرگرمیاں ہونے کی توقع ہے۔