ممبئی میں غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف عوامی احتجاج

   

ممبئی، 21 اگست (یو این آئی) ممبئی کے آزاد میدان میں غزہ میں فلسطینی عوام پر ظلم کی مذمت اور ان سے اظہار یگانگت کیلئے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ شرکاء نے فلسطین کے حق میں آواز بلند کی۔ اس مظاہرے کی اجازت بمبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ملی، جس میں ممبئی پولیس نے 12 اگست کو عدالت کو مطلع کیا تھا کہ وہ سی پی ایم اور دیگر تنظیموں کو سہ پہر 3 بجے تا شام 6 بجے احتجاج کی اجازت دے گی۔ پی سائی ناتھ، جو پیپلز آرکائیو آف رورل انڈیا کے بانی اور مدیر ہیں، نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ صرف عالمی نہیں بلکہ مقامی بھی ہے اور یہ ہمارے دلوں کے قریب ہے ۔ انہوں نے مہاتما گاندھی کے 1938 کے بیان کا حوالہ دیا کہ فلسطین عربوں کا ہے جس طرح انگلستان انگریزوں کا اور فرانس فرانسیسیوں کا ہے ۔ یہ مظاہرہ سی پی ایم، سی پی آئی، سی پی آئی (ایم ایل)، سی پی آئی (ایم ایل) لبریشن، پی ڈبلیو پی، سماج وادی ، این سی پی (ایس پی) اور انڈین نیشنل کانگریس کے ساتھ سول سوسائٹی کے پلیٹ فارمز جیسے آل انڈیا پیس اینڈ سالیڈیرٹی آرگنائزیشن نے مشترکہ طور پر منعقد کیا تھا ۔