ممبئی میں غزہ کے حق میں آج احتجاج ، فلسطینی سفیر کی شرکت متوقع

   

ممبئی ، 29 اگست (یو این آئی) انڈیا فلسطین یکجہتی فورم (آئی پی ایس ایف) کی جانب سے غزہ میں فلسطینی عوام پر ڈھائے جارہے اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک احتجاجی جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے ۔ یہ اجتماع یشونت راؤ چوہان پرتِشٹھان، چوتھی منزل، کاہال، نریمن پوائنٹ نزد منترالیہ، ممبئی میں بروز سنیچر 30 اگست 2025 کو شام 5:30 بجے سے رات 8:00 بجے تک ہوگا۔ اس جلسے میں دہلی سے فلسطین کے سفیر جناب عبداللہ ایم اے شاوَیش خصوصی طور پر شریک ہوں گے ، جبکہ صدارت سابق رکن پارلیمنٹ شری کمار کیتکر کریں گے ۔ پروگرام میں ممبئی کی مختلف سیاسی، سماجی اور ملی تنظیموں کے ذمہ داران بھی شرکت کریں گے ۔ فورم کے مطابق غزہ کی سرزمین پر اسرائیلی غاصب اور ظالم طاقتوں نے معصوم شہریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے ۔ لاکھوں بے گناہ فلسطینی شہید کیے جاچکے ہیں، جب کہ ننھے بچے بھوک و افلاس کے باعث تڑپ تڑپ کر دم توڑ رہے ہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں ان مظالم کے خلاف مسلسل احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں اور ہندوستان میں بھی یہ سلسلہ جاری ہے ۔ جلسہ عام کا مقصد ان مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور فلسطین کی آزادی کے لیے جاری جدوجہد میں متحدہ آواز بلند کرنا ہے۔
عوام سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے تاکہ غاصب صہیونی طاقتوں کے خلاف عالمی سطح پر مضبوط پیغام دیا جاسکے ۔ مزید معلومات کے لیے رابطہ کیا جاسکتا ہے : گڈی ایس ایل: 7738082170، شاہد پردھان: 8454046678، علی بوجانی: 8956733564۔