ممبئی میں موسلادھار بارش ، پال گھر اور تھانے میں سیلاب ، اسکولوں کو تعطیل کا اعلان

,

   

Ferty9 Clinic

ایک لڑکا سیلاب میں بہہ گیا ، ریل روڈ اور فضائی خدمات درہم برہم ، عام زندگی مفلوج

نئی دہلی ۔ /4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی اور متصلہ علاقوں میں جاری موسلادھار بارش کے سبب اتوار کو ریل ، روڈ اور فضائی خدمات درہم برہم ہوگئیں اور عام زندگی عملاً مفلوج ہوگئی ۔ ممبئی اور پڑوسی علاقوں میں آج دن بھر موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ متصلہ ضلع پال گھر میں ایک 16 سالہ لڑکا سیلاب میں بہہ گیا ۔ ممبئی کے علاوہ متصلہ اضلاع پال گھر اور تھانے میں بھی گزشتہ دو دن سے موسلادھار بارش جاری ہے ۔ جس کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں سیلاب آگیا ہے ۔ اس سنگین صورتحال کے پیش نظر تھانے میں ضلع انتظامیہ نے پیر کو تمام اسکولوں کیلئے تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔ تھانے کے ضلع کلکٹر راجیش کارویکر نے اتوار کو تعطیل کے احکام جاری کرتے ہوئے کہا کہ احتیاطی طور پر پیر کو تمام اسکولس بند رکھے جائیں گے ۔ پال گھر کے ڈسٹرکٹ کلکٹر کالیداس شنڈے نے بھی پیر کو اس ضلع کے تمام اسکولس کیلئے تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔ پونے میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے پیش نظر ممبئی ۔ پونے ریل خدمات بند کردی گئی ہیں ۔ ممبئی کے بلدی ادارہ بی ایم سی نے کہا ہے کہ اس شہر سے گزرنے والی دریا میتھی کی سطح آب خطرناک شکل اختیار کرلی ہے جہاں رہنے والے تمام افراد کا تخلیہ کروادیا گیا ہے ۔ تھانے میں باروی اور الہاس ندیاں طغیانی کا منظر پیش کررہی ہیں ۔ ان دریاؤں کے کنارے پر رہنے والوں کے علاوہ اطراف کے گاؤں والوں کا تخلیہ کرواتے ہوئے محفوظ مقامات کو منتقل کردیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائرکٹر کے ایس اوسالیکر نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش ہوسکتی ہے۔ عوام کوغیرضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور ماہی گیروں کو ساحلی علاقوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ اوسالیکر نے مزید کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 100 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ تھانے اورنوی ممبئی جیسے علاقوں میں 250 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ۔ پال گھر میں واڈہ اور مال واڑہ کو ملانے والے پل کا بڑا حصہ بہہ گیا ۔ بجلی منقطع ہونے سے ان کے تمام علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ۔ اتوار کے دن پال گھر اور تھانے کے بجلی کی سربراہی کے ضمنی اسٹیشن پانی میں گھرجانے سے اور ٹرانسفارمروں کو نقصان پہنچنے سے ان علاقوں میں گھپ اندھیرا چھاگیا۔
مہاراشٹرا کو بجلی سربراہ کرنے والی کمپنی کے عوامی رابطہ کے عہدیدار وشواجیت بھونسلے نے بتایا کہ احتیاطاً بجلی کے وسائی سب اسٹیشن سے پاور سپلائی روک دی گئی ہے ۔