ممبئی19اگست (یو این آئی) مہاراشٹر میں گزشتہ دو دن سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے منگل کی صبح کرانتی نگر کے پاس میٹھی ندی کی پانی کی سطح 3.20 میٹر کے خطرے کے نشان کو عبور کر گئی۔ اس کے باعث کاپڑیا نگر جھگی بستی سمیت نشیبی علاقوں کے رہائشیوں میں ہلچل مچ گئی۔پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہونے کی وجہ سے کئی لوگوں نے اپنے اپنے گھر خالی کرنا شروع کر دیے ۔ اطلاع ملتے ہی برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی)، قدرتی آفات سے نمٹنے کی قومی فورس (این ڈی آر ایف) اور ممبئی کے آگ بجھانے والے محکمے کے افسران اور عملہ موقع پر پہنچ کر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہو گئے ۔بی ایم سی کے ایل وارڈ کے اسسٹنٹ کمشنر دھنجی ہیرلیکر نے بتایا کہ 140 حساس مکانات کو خالی کرایا جا رہا ہے اور وہاں کے رہائشیوں کو قریبی میونسپل اسکول میں منتقل کیا جا رہا ہے ۔ حکام کا اندازہ ہے کہ تقریباً 200 سے 300 جھگی جھونپڑیاں اس خطرے والے علاقے میں آتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بارش کی وجہ سے شہر میں ہنگامی دستے ہائی الرٹ پر ہیں اور وہ پانی کی سطح کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری انخلاء کو یقینی بنایا جا سکے ۔اس دوران شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارش اور پانی کی سطح کی صورتحال سے محتاظ رہیں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔