ممبئی میں ٹیکسی ڈرائیور کو زدوکوب اور بدفعلی کرنے والا ریلوے کانسٹبل گرفتار

   

نشہ میں دھت پولیس اہلکار نے 850 روپئے اور موبائیل بھی چھین لیا، رہائی کیلئے مزید 2000 رشوت کا مطالبہ

ممبئی 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں بعض مقامات پر ٹیکسی ڈرائیورس کی جانب سے خاتون مسافرین کی عصمت ریزی کی شکایات بعض موقعوں پر منظر عام پر آتی رہی ہیں لیکن ممبئی میں اس کے برخلاف پیش آئے ایک عجیب و غریب واقعہ میں ریلوے پولیس فورس (آر پی ایف) کے ایک کانسٹبل کی ٹیکسی ڈرائیور کے ساتھ بدفعلی و غیر فطری عمل کرنے کے الزام کے تحت گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ جس کی شناخت 29 سالہ امیت دھان کڈ کی حیثیت سے کی گئی جو اس شرمناک واقعہ کے وقت حالت نشہ میں تھا۔ پولیس افسر نے کہاکہ ٹیکسی ڈرائیور جنوبی ممبئی کی پی ڈی میلو روڈ سے مسافرین کو بٹھایا کرتا تھا۔ دھان کڈ کی اُس کے ساتھ بحث و تکرار ہوگئی تھی کیوں کہ دھان کڈ اُس کو گرنیٹ روڈ پر چھوڑنے کے لئے اصرار کررہا تھا لیکن ٹیکسی ڈرائیور چونکہ دیگر مسافرین کو بٹھا چکا تھا اس کی بات ماننے سے انکار کردیا تھا جس پر دھان کڈ کے غصہ کی انتہا نہ رہی، وہ ٹیکسی ڈرائیور کو لاٹھی اور بیر کی خالی بوتل سے دے مارا اور پولیس اسٹیشن لیجانے کے بہانے اس کو ریلوے کے سنسان علاقہ میں لیجاکر اُس کے ساتھ بدفعلی کی۔ بدفعلی کے متاثرہ ٹیکسی ڈرائیور نے شکایت کی کہ نشہ میں دھت کانسٹبل نے اس کے پاس موجود 850 روپئے اور موبائیل فون بھی چھین لیا اور رہائی کے لئے 2000 روپئے دینے کا مطالبہ کیا۔ مقامی عدالت نے ملزم کانسٹبل کو 20 جنوری تک قانونی تحویل میں دیدیا ہے۔