ممبئی میں پھنسے مائیگرینٹس کو بھیجنے سونو سودکا انتظام

,

   

ورکرس کیلئے فلم اسٹار نے ٹراویل اور کھانے کے پیاکٹس کو اسپانسرکیا،قابل تقلید مثال

ممبئی ۔11 مئی ( سیاست ڈاٹ کام) ایکٹر سونو سود نے کورونا وائرس وباء کے سبب جاری ملک گیر لاک ڈاؤن کے دوران شہر میں پھنسے سینکڑوں مائیگرینٹ ورکرس کیلئے اپنے وطن کو واپس ہونے بسوں کا انتظام کیا ہے ۔ انہوں نے مائیگرینٹس کیلئے سفر اور غذائی پیاکٹس کا خرچ برداشت کیا ہے ۔ کرناٹک اور مہاراشٹرا کی حکومتوں سے اجازت حاصل کرنے کے بعد جملہ 10بسیں تھانے سے آج گلبرگہ کیلئے روانہ ہوئیں ۔ سونو کا ماننا ہے کہ جاریہ عالمی بحران میں ہر ہندوستانی اپنی فیملیوں کے ساتھ رہنے کا مستحق ہے اور اس لئے انہوں نے مائیگرینٹس کو اپنے گھر پہنچنے میں مدد کرنے سے قبل ریاستی حکومتوں سے اجازت طلب کی ۔ 46سالہ ایکٹر نے بلاشبہ مثالی کام کیا ہے اس کی دیگر سیلیبریٹیز کو تقلید کرنا چاہیئے ۔ حکومت مہاراشٹرا کے عہدیدار کاغذائی کارروائی کی انجام دہی میں کافی معاون ثابت ہوئے اور مائیگرینٹس کو اپنے وطن واپس ہونے پر حکومت کرناٹک نے ان کا خوشی خوشی استقبال کیا ۔ سونو نے ایک بیان میں کہا کہ یہ مدد واقعی اُن کیلئے جذباتی اقدام رہی ۔ وہ مائیگرینٹس کو سڑکوں پر چلتے ہوئے دیکھ کر کافی فکر مند ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ دیگر ریاستوں میں بھی اپنی استطاعت کے مطابق اس طرح کی مدد کرتے رہیں گے ۔ سونو نے سارے پنجاب میں ڈاکٹروں کیلئے 1500پی پی ای کٹس کا عطیہ بھی دیا تھا اور اپنی ممبئی کی ہوٹل کو میڈیکل فورسیس کیلئے رہائش کے طورپر استعمال کرنے کی اجازت دی تھی ۔