ممبئی میں گرین پارک کی جگہ جھیل نہیں:سپریم کورٹ

   

نئی دہلی، 30 مئی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے سرسبز میونسپل پارک کی جگہ جھیل بنانے کے ہائی کورٹ کے حکم کو جمعہ کو خارج کر دیا۔جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس این کوٹیشور سنگھ کی بنچ نے شہری سبز علاقوں کی موجودہ افادیت اور ماحولیاتی توازن سمیت کئی دیگر پہلوؤں پر غور کرتے ہوئے اپنا فیصلہ سنایا۔بنچ نے بمبئی ہائی کورٹ کی 2018 کی ہدایت کو خارج کر دیا، جس نے گریٹر ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کو 100 سال پرانی کھجوریا جھیل کو اس کی پرانی شکل میں بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔ فی الحال، اس جگہ پر میونسپل پارک ہے ۔فیصلہ سناتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے جن اہم پہلوؤں پر توجہ مرکوز کی ان میں جھیل کی تاریخی حیثیت، باغ کی موجودہ ماحولیات، سماجی قدر اور جھیل کو اس کی پرانی شکل میں بحال کرنے کے امکانات اور نتائج شامل ہیں۔عدالت عظمیٰ نے موجودہ پبلک پارک کو ہمیشہ کیلئے گرین ایریا کے طور پر برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسے صرف عوام کے استعمال کیلئے رکھا جانا چاہئے ۔