ممبئی میں 17بچوں کا اغوا کار ہلاک ، سبھی بچے محفوظ

,

   

ممبئی، 30 اکتوبر (یو این آئی) ممبئی میں بچوں کو یرغمال بنانے کی سنسنی خیز واردات جمعرات کی شام اس وقت خاتمے کو پہنچی جب پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 17بچوں کو بحفاظت نکال لیا اور واقعے کے ذمہ دار شخص روہت آریہ کو تحویل میں لیا، جو بعد ازاں پولیس مڈبھیڑ میں زخمی ہوا اور دم توڑ گیا۔ یہ واقعہ پوائی کے مارول علاقے کے آر اے اسٹوڈیو میں اس وقت رونما ہوا جب مختلف علاقوں سے بچے فلم آڈیشن کیلئے جمع ہوئے ہوئے تھے ۔ پولیس کے مطابق تقریباً پندرہ سے بیس بچے پہلی منزل پر واقع اداکاری کلاس میں موجود تھے کہ اچانک یہ اطلاع ملی کہ انہیں ایک نامعلوم شخص نے اندر بند کر دیا ہے ۔ خبر ملتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور والدین بڑی تعداد میں اسٹوڈیو کے باہر پہنچ گئے ۔ کھڑکیوں سے بچوں کے گھبرائے ہوئے چہرے نظر آ رہے تھے جس نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا۔ پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے واقعہ پر پہنچیں اور اسٹوڈیو کا محاصرہ کر لیا۔ افسران نے اطراف کے علاقوں کو ہائی الرٹ پر رکھا اور تمام راستے سیل کر دیے ۔ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی حکمتِ عملی تیار کی گئی اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ایک ہی وقت میں ہنگامی امدادی ٹیموں کو بھی چوکس کر دیا گیا۔ اسی دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں ملزم نے اپنا نام روہت آریہ بتایا اور کہا کہ اس نے خودکشی کرنے کے بجائے ”ایک منصوبے کے تحت بچوں کو یہاں رکھا ہے ۔ ویڈیو میں اس نے دعویٰ کیا کہ اس کے مطالبات اخلاقی ہیں اور وہ مخصوص افراد سے بات کرنا چاہتا ہے ۔ اس نے دہشت گردی کے الزام سے بھی انکار کیا اور خبردار کیا کہ کسی غلط اقدام پر حالات بگڑ سکتے ہیں۔