ممبئی پولیس کی کارکردگی پر کوئی سوال نہیں کرسکتا : ادھو ٹھاکرے

   

ممبئی ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے آج ممبئی پولیس کی ستائش کی اور کہا کہ کوئی بھی ممبئی پولیس کی کارکردگی اور افادیت پر سوال نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی کو بھی ممبئی پولیس کی امیج متاثر کرنے کی اجازت نہیں دینگے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران ممبئی پولیس نے مثالی خدمات انجام دی ہیں تاکہ عام آدمی کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ ادھو ٹھاکرے ممبئی پولیس کمشنر کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس تقریب میں عوام کو وہ ساز و سامان واپس کیا گیا جو چوری کرلیا گیا تھا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ممبئی پولیس کی کامیابیوں کی کوئی حد نہیں ہے اور ممبئی میں پولیس کی تاریخ 150 سال قدیم ہے ۔ اتنی قدیم روایات اور مثالی کارکردگی اور افادیت کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی چاہے کتنی ہی کوشش کرلے ممبئی پولیس کی امیج کو متاثر نہیںکرسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ وعدہ کرتے ہیں کہ اگر کوئی ممبئی پولیس کی امیج کو متاثر کرنے کی کوشش کرتا بھی ہے تو وہ ایسا ہونے کی اجازت نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ممبئی پولیس کو بدنام کرنے کی کوشش کی تھی ان کے منہ بند ہوگئے ہیں کیونکہ ممبئی پولیس کی کامیابیاں بہت زیادہ ہیں۔ کورونا وباء کے دوران پولیس نے سخت محنت کی ہے جس کے نتیجہ میںہزاروں پولیس اہلکار اس وائرس کا شکار ہوگئے تھے ۔ کچھ پولیس اہلکار اس وباء کے دوران شہید بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور دوسرے فرنٹ لائین ورکرس کی وجہ سے ہی کورونا کی صورتحال قابو میں آئی ہے ۔ لاک ڈاون کے دوران ہم نے ہر کسی سے کہا تھا کہ وہ گھروں سے کام کریں ۔ تاہم تصور کیجئے کہ اگر پولیس سے بھی ایسا ہی کہا جاتا تو پھر کیا صورتحال ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال ہنوز برقرار ہے ۔ وباء ابھی ختم نہںہوئی ہے ۔ تاہم کچھ لوگ کچھ مقامات کو بند رکھنے پر ہم پر تنقیدیں کر رہے ہیں ۔ ان لوگوں کو کم از کم اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہئے جبکہ پولیس ‘ ڈاکٹرس اور نرسیس اس مشکل وقت میں بھی اپنا فریضہ ادا کر رہے ہیں۔