ممبئی، 12 اگست (یو این آئی)اتر پردیش سے تعلق رکھنے والی معروف سوشل میڈیا انفلونسر آصفیہ بانو محمد فرید خان، جن کی عمر 22 برس تھی، اتوار کی آدھی رات کے کچھ دیر بعد ممبئی-پونے ایکسپریس وے پر پنویل کے قریب ایک سڑک حادثہ میں جاں بحق ہو گئیں۔ پولیس نے آج اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ،ڈرائیور سمیت چار دیگر افراد شدید زخمی ہوئے ہیں اور انہیں ممبئی کے کوپر اسپتال میں زیر علاج رکھا گیا ہے ۔ آصفیہ بانو، جن کے سوشل میڈیا پر 10 لاکھ سے زیادہ فالوورز تھے ، تقریباً 15 دن قبل اپنے دوستوں کے ساتھ ٹویوٹا کروزر میں ممبئی پہنچی تھیں۔ یہ گروپ ممبئی سے لوناوالا جا رہا تھا کہ رات تقریباً 12 بجے پالاسپے ہائی وے پولیس چوکی کے قریب ڈرائیور نور عالم خان، عمر 34 سال، مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث گاڑی پر قابو کھو بیٹھے ۔ گاڑی سڑک کنارے موجود کنکریٹ بلاک سے ٹکرا کر الٹ گئی۔