ممبئی ڈرگس معاملہ کے حیدرآباد سے روابط‘ عنقریب تحقیقاتی ٹیم کی آمد کا امکان

   

حیدرآباد۔/3 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ملک میں ڈرگس کے معاملہ میں تلگو ریاستوں کا نام لازمی ہوچکا ہے۔ گجرات میں بھاری مقدار میں ڈرگس کی ضبطی کے بعد اس کے تار تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے مربوط پائے گئے۔ اسی طرح کل ممبئی میں ریو پارٹی میں ڈرگس کی ضبطی کے بعد تلگو ریاستوں کے نام منظر عام پر آئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ممبئی ڈرگس معاملہ میں حیدرآباد سے تعلق ظاہر ہوا ۔ تحقیقاتی ایجنسیاں حیدرآباد سے تعلق کی جانچ کررہی ہیں اور شائد بعض افراد شک کے دائرہ میں ہیں۔ حال میں فلمی شخصیتوں کے ڈرگس معاملہ میں ملوث ہونے کے واقعہ کی طرح تازہ ترین معاملہ میں بھی فلمی شخصیتوں کے نام منظر عام پر آسکتے ہیں کیونکہ ممبئی میں شاہ رخ خان کے فرزند اور بعض فلمی شخصیتوں پر شبہات ظاہر کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ میں حیدرآباد منشیات کی سربراہی اور فروخت کے مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔ مضافاتی علاقوں میں پبس میں رات دیر گئے جاری رہنے والی پارٹیوں میں ڈرگس کی شکایات ملی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بورڈ کی ٹیم تحقیقات کیلئے حیدرآباد کا دورہ کرسکتی ہے۔ر