ممبئی کو مرکز کے زیر انتظام خطہ بنانے کی تیاریاں؟، شیوسینا رہنما سنجے راوت کا بھاجپاپر سازش کا الزام

   

شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے جمعہ کو ممبئی کو لے کر بڑا دعویٰ کیا۔نیز انہوں نے بی جے پی پر ممبئی کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کی سازش کا الزام لگایا۔ راوت نے ممبئی کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کے ثبوت کا دعویٰ بھی کیا۔ راوت نے کہا کہ اس سلسلے میں مرکزی وزارت داخلہ میں ایک پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی ہے۔ممبئی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے راوت نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے سابق ایم پی کریٹ سومیا اور پارٹی لیڈروں، بلڈروں، تاجروں کا ایک گروپ اس سازش کا حصہ تھے۔ ممبئی کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کے بارے میں (اس گروپ کی طرف سے) ایم ایچ اے کو پیش کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے میٹنگ ہو چکی ہیں اور فنڈز اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ یہ سب کچھ پچھلے دو مہینوں سے چل رہا ہے اور میرے پاس ثبوت موجود ہیں ۔ وزیر اعلیٰ (ادھو ٹھاکرے) بھی اس پیش رفت سے واقف ہیں۔راوت نے دعویٰ کیا کہ اگلے چند مہینوں میں کریٹ سومیا کی زیرقیادت گروپ یہ کہتے ہوئے عدالت میں جا سکتا ہے کہ مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں مراٹھی لوگوں کی فیصد میں کافی کمی آئی ہے، اس لیے میٹروپولیس کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنایا جانا چاہیے۔