ممبئی کیس : تہور رانا ابھی امریکی جیل میں ہی رہیگا

   

لاس اینجلس: امریکہ کی ایک وفاقی عدالت کی جج کے مطابق ہندوستان کو 2008ء کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے سلسلے میں مطلوب پاکستانی نژاد کینیڈین شہری تہور رانا ابھی امریکی جیل میں ہی رہیں گے۔ رانا کی ہندوستان حوالگی زیر غور ہے۔لاس اینجلس سے جمعہ پچیس جون کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق تہور رانا امریکی شہر شکاگو سے تعلق رکھنے والے ایک سابق بزنس مین ہیں، جو ہندوستان کو تقریباً 13 برس قبل ممبئی میں بیک وقت کیے جانے والے ان دہشت گردانہ حملوں کے سلسلے میں مطلوب ہیں، جن میں 160 سے زائد افراد مارے گئے تھے۔ہندوستانی حکام نے یہ درخواست کر رکھی ہے کہ پاکستان میں پیدا ہونے والے کینیڈین شہری تہور رانا کو امریکہ سے ملک بدر کر کے ہندوستان کے حوالے کر دیا جائے۔ اس بارے میں لیکن امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ایک فیڈرل کورٹ کی خاتون جج نے اب حکم دیا ہے کہ جب تک رانا کی ممکنہ طور پر ہندوستان حوالگی کا فیصلہ نہیں ہو جاتا، وہ امریکہ کی ایک جیل میں ہی رہیں گے۔ہندوستانی حکام 2008ء میں ملک کے تجارتی دارالحکومت ممبئی میں بیک وقت کیے جانے اور دیڑھ سو سے زائد افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے دہشت گردانہ حملوں کو ان کی شدت اور ہلاکت خیزی کی وجہ سے امریکہ پر کیے جانے والے دہشت گردانہ حملوں کی نسبت سے ’ہندوستان کا نائن الیون‘ قرار دیتے ہیں۔