حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : اگر کوئی شہر یا ریاست کسی آفات سماوی سے متاثر ہوتے ہیں تو اس کا بالواسطہ اثر دیگر شہروں اور علاقوں پر بھی پڑتا ہے ایسا ہی کچھ ممبئی کی بارش کا اثر حیدرآباد پر بھی دیکھا جارہا ہے چونکہ ممبئی کی بارش کی وجہ سے حیدرآباد سے سفر کرنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ممبئی کی بارش کے بعد عام زندگی مفلوج ہونے کی وجہ سے ساوتھ سنٹرل ریلوے ( ایس سی آر ) نے ممبئی جانے والی ٹرینوں کو منسوخ کردیا ہے اور آئندہ چند دنوں تک صورتحال میں کوئی بہتری کا امکان بھی نہیں ہے ۔ ٹرینوں کے منسوخ ہونے کے بعد حیدرآباد سے ممبئی جانے والے مسافرین بسوں کی طرف دوڑنے لگے ہیں جس سے اول تو بسوں میں نشستوں کا دستیاب ہونا مشکل ہے تو دوسری جانب من مانی کرایہ وصول کیا جارہا ہے ۔ کھنڈالا میں ٹرافک جام ہونے کی وجہ سے بسیں بھی ممبئی میں داخل نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے لوگوںکو پونے تک ہی ٹکٹ دیا جارہا ہے ۔ ٹرینوں کی منسوخی کے بعد بس کرایہ جو کہ 800 روپئے ہوتا تھا وہ اب 1200 تا 1500 روپئے ہوگیا ہے ۔ حیدرآباد تا ممبئی روزانہ تقریبا 10 ہزار افراد سفر کرتے ہیں جن کے لیے روزانہ 5 اور ہفتہ واری 2 ٹرینیں چلائی جاتی ہیں اس کے علاوہ 70 تا 80 بسیں بھی چلائی جاتی ہیں ۔ جن میں سلیپر بسیں 24 اور والوو 44 شامل ہیں ۔۔