ممبئی : برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (بیسٹ) انڈرٹیکنگ کی جانب سے 8 مئی 2025 سے نظرثانی شدہ بس کرایوں کو نافذ کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، بشرطیکہ ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ٹرانسپورٹ اتھارٹی (ایم ایم آر ٹی اے ) کی میٹنگ کے منٹس پر رواں ہفتے کے آغاز میں دستخط ہو جائیں۔ اطلاعات کے مطابق، اگرچہ اس سلسلے میں سرکاری نوٹیفکیشن کا اب بھی انتظار ہے ، تاہم 30 اپریل کو منعقدہ ایم ایم آر ٹی اے کی اہم میٹنگ کے دوران کرایہ میں اضافے کی تجویز کو منظوری دے دی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق، “نظرثانی شدہ کرایوں کا چارٹ اور عمل درآمد سے متعلق ہدایات پر مشتمل سرکلر منتخب ٹریفک ڈویژن کے افسران کو پہلے ہی ارسال کیا جا چکا ہے ۔” تاہم، کرایہ میں اضافے کا باضابطہ نفاذ ایم ایم آر ٹی اے میٹنگ کے منٹس پر دستخط ہونے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔مجوزہ کرایہ اضافے کی تفصیلات کے مطابق نان اے سی بسوں کے لیے کم از کم کرایہ 5 روپے سے بڑھا کر 10 روپے کر دیا جائے گا، جو 5 کلومیٹر کے فاصلے تک نافذ ہوگا۔ اسی طرح، اے سی بسوں کے لیے یہ کرایہ 6 روپے سے بڑھا کر 12 روپے کر دیا جائے گا۔