ممبئی: آج یہاں ممبئی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) نے وبائی امراض کے دوران ، ممبئی کی ہائی پروفائل سابق میئر، شیو سینا (یو بی ٹی) کی کشوری پیڈنیکر کے خلاف کووڈ سینٹرز کے لیے باڈی بیگز کی خریداری کے مبینہ گھوٹالے میں مقدمہ درج کیا ہے ۔ اس کی اطلاع حکام نے دی ہے ۔ اگری پاڑہ پولیس اسٹیشن نے اس معاملے میں پیڈنیکر اور دو دیگر شہری عہدیداروں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جس کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ بھی جانچ کی جارہی ہے ۔ ٹینڈرنگ کے عمل میں بے ضابطگیوں کا معاملہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے کریٹ سومیا کے ذریعہ اٹھائے جانے کے بعد، ای ڈی نے گزشتہ ماہ اپنی جانچ کے حصے کے طور پر کچھ مقامات پر چھاپے مارے تھے ۔ یہ الزام لگایا گیا تھا کہ مردہ کوویڈ 19 متاثرین کو لے جانے کیلئے باڈی بیگ کی قیمت بمشکل 2000 روپے تھی، لیکن اسے 6,800 روپے میں خریدا گیا تھا۔سومیا، جنہوں نے 13 جولائی کو اپنی شکایت درج کرائی تھی،انہوں نے دعویٰ کیا کہ 1,500 روپے کے باڈی بیگ 6,700 روپے میں خریدے گئے تھے اور پولیس نے پیڈنیکر، ایک ایڈیشنل میونسپل کمشنر اور اورنگ آباد میں واقع ایک نجی کمپنی، ویدانت انوٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔