ممبئی کی لوکل ٹرینوں میں وندے بھارت کی سہولت کا اعلان

   

ممبئی : لوکل ٹرین کو ممبئی شہر کی لائف لائن کہا جاتا ہے۔ اب یہاں کی لوکل ٹرینوں میں بڑی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔ ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے کہا کہ آنے والے وقت میں ممبئی لوکل ٹرینوں میں وینٹی لیشن کی سہولت وندے بھارت جیسی ہوگی۔ ریلوے بورڈ نے 238 وندے بھارت میٹرو ریکس کو منظوری دی ہے۔ اس کے ذریعے سفرکرنے والوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ اس کے ذریعے ٹرین کی آپریشنل صلاحیت میں بہت زیادہ بہتری آئے گی۔ یہ تبدیلی ممبئی اربن ٹرانسپورٹ پروجیکٹ-III (MUTP-III) اور MUTP-3A کے تحت کی جائے گی۔ اس پروجیکٹ پر مہاراشٹر حکومت اور وزارت ریلوے دونوں مل کرکام کریں گے۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کے مطابق2025-26 کے ریلوے بجٹ میں ریاست مہاراشٹر کے لیے 23,778 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں لوکل ٹرینوں میں نئی سہولیات کو فراہم کرنا بھی ریاستی منصوبوں میں شامل ہے۔انہوں نے کہا چونکہ ممبئی کے عوام لوکل ٹرینوں پر زیادہ انحصار کرتے ہیں لہذا ان میں سہولیات کو عصری کرنا پہلی ترجیح ہے ۔