ممبئی کی چینا بلڈنگ میں لگی آگ6افراد جھلس گئے

   

ممبئی۔6 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) عروس البلاد ممبئی کے لال بتی والے علاقے کماٹی پورہ میں واقعہ بغدادی کمپاؤنڈ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی جس میں6 افراد جھلس گئے ۔ ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔موصلہ اطلاعات کے مطابق بغدادی کمپاونڈ چینا بلڈنگ میں صبح سوا نو بجے شاٹ سرکٹ کے سبب آگ لگ گئی فوری طور پر تین فائرانجن اور چار پانی کے ٹینکروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔عینی شاہد خان اظہرالدین عرف راجو نے بتلایا کے اچانک ہی ایک کمرے میں آگ لگ گئی جس کے سبب پوری عمارت آگ کی زد میں آگئی اور عمارت میں کہرام مچ گیا۔فائر بریگیڈ کی بر وقت آمد سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔زخمیوں میں عادل قریشی 20سالہ، نیشا دیوی 32سالہ، چندہ دیوی 60 برس،انیا 2 سالہ،محرم 70 سالہ اور ایک نا معلوم شخص شامل ہے ۔ زخمیوں کو مقامی نائر اسپتال میں علاج کیلئے روانہ کیا گیا۔ جس میں سے محرم کی حالت تشویش ناک بتلائی جارہی ہے ۔واضح رہے کہ اس عمارت سے متصلہ بچھوسیٹھ واڑی میں رہائش پذیر بار ڈانسر بھی قیام پذیر ہے اور یہ علاقہ رات بھر جاگتا ہے جب کہ صبح کا آغاز دوپہر تک ہوتا ہے ۔نیز آتشزگی کی اس واردات کے وقت اکثر مکین سو رہے تھے ۔