ممبئی کی گجرات کیخلاف سنسنی خیز کامیابی

   

ممبئی : ڈینیئل سیمس کے آخری اوور کی مدد سے ممبئی انڈینس نے جمعہ کو آئی پی ایل کے میچ میں ٹاپ ٹیم گجرات ٹائٹنز کو پانچ رن سے شکست دے دی۔گجرات کو آخری اوور میں جیت کے لیے نو رن کی ضرورت تھی لیکن سیمس نے گجرات کو اپنی منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا۔ممبئی نے ایشان کشن (45)، کپتان روہت شرما (43) اور ٹم ڈیوڈ (ناٹ آؤٹ 44) کی مدد سے 20 اووروں میں چھ وکٹ پر 177 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا اور پھر گجرات کی ٹیم کو 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 172 رن پر روک دیا۔ممبئی نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ایشان اور روہت نے ابتدائی شراکت میں 74 رن جوڑے۔ روہت اور ایشان نے شاندار آغاز کیا اور نصف اننگز کے اختتام پر ایسا لگ رہا تھا کہ ممبئی 200 کا ہدف عبور کر لے گا۔ تاہم، وقفے وقفے سے وکٹیں لیکر گجرات نے رن ریٹ کو روکا اور واپسی کی۔ آخری اوور میں ٹم ڈیوڈ کی آتشیں اننگز نے ممبئی کو 177 تک پہنچا دیا۔روہت نے 28 گیندوں میں 43 رن میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ ایشان نے 29 گیندوں پر 45 رن میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ تلک ورما نے 16 گیندوں پر 21 رن بنائے جبکہ ڈیوڈ نے 21 گیندوں پر ناٹ آوٹ 44 رن میں دو چوکے اور چار چھکے لگائے۔