ممبئی کی کم از کم 70 فیصد مساجد نے صبح کی اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر کا استعمال بند کر دیا ہے۔ پولس ذرائع نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے 3 مئی تک مہاراشٹر کی مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ غور طلب ہے کہ دن کی پہلی اذان صبح تقریباً پانچ بجے دی جاتی ہے ایک پولیس اہلکار نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 70 فیصد مساجد نے صبح کی اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر کا استعمال بند کردیا ہے، جب کہ باقی مساجد نے لاؤڈ اسپیکر کی آواز کی سطح کو کم کردیا ہے دریں اثنا، ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے کی طرف سے 3 مئی تک مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کی دھمکی کے تناظر میں، مہاراشٹر کے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے منگل کو تمام پولیس یونٹوں کو لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سے متعلق سپریم کورٹ کے رہنما خطوط اور قانون پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی۔