تحقیقات کروانے ادھو ٹھاکرے کا حکم
ممبئی : ممبئی شہر اور مضافاتی علاقوں کے بیشتر علاقوں میں آج برقی سربراہی منقطع ہوگئی جس کی وجہ سے جو جہاں تھا وہیں رُک گیا جس میں ممبئی کی لائف لائن سمجھی جانے والی لوکل ٹرینیں بھی شامل ہیں۔ بلند عمارتوں میں چلائے جانے والے لفٹس کے رُکنے سے بھی لوگ دہشت زدہ ہوگئے اور اہم سڑکوں پر نصب ٹریفک سگنلس نے بھی کام کرنا بند کردیا۔ دوپہر 12.30 بجے تک بیشتر علاقوں میں بجلی سربراہی بحال کردی گئی تھی۔ دریں اثناء مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اس واقعہ کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔ ممبئی میں اس نوعیت کے واقعات شاذ و نادر ہی رونما ہوتے ہیں۔ ملک کے اقتصادی دارالحکومت کے طور پر ممبئی کا ایک خاص مقام ہے تاہم بجلی کی سربراہی اچانک فیل ہونے سے ممبئی شہر کی تمام سرگرمیاں اچانک ٹھپ پڑگئیں جس سے کروڑہا روپئے کا نقصان ہوا۔ تھانے اور ممبئی کے درمیان واقع کلوا پڈگھے پاور ہاؤس کے سرکٹ ۔ 2 میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے سے بجلی سربراہی متاثر ہوئی۔ مہاراشٹرا کے وزیر برائے توانائی نتن راوت نے کہاکہ ہمارا اسٹاف تکنیکی خرابی دور کرنے میں مصروف ہے اور 45 منٹوں میں برقی سربراہی بحال کردی جائے گی اور ایسا ہوا بھی۔