ممبئی ، 10 جون (یو این آئی) گورنمنٹ گرانٹ میڈیکل کالج اور سر جے جے اسپتال کے ایم بی بی ایس تھرڈ ایئر کے 22 سالہ طالب علم روہن رامفر پرجاپتی نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے ۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ پولیس کے مطابق، پرجاپتی نے اتوار کی رات اپنے ہاسٹل کے کمرے کے پنکھے سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب اس کے روم میٹ رتیش وشوکرما رات تقریباً 10 بج کر 50 منٹ پر کمرے میں آئے ۔ پرجاپتی کو فوری طور پر اسپتال کے ایمرجنسی سیکشن میں لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔جے جے مارگ پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ پرجاپتی کی نعش اس کے والدین کے حوالے کر دی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق، پرجاپتی کے والدین کو مالی مشکلات کا سامنا تھا، جس کی وجہ سے وہ ذہنی دباؤ میں تھا اور اسی وجہ سے اس نے یہ افسوسناک اقدام اٹھایا۔