ممبئی : مہاراشٹرا کے ممبئی شہر میں تفریحی سفر کے دوران پیش آئے ایک المناک واقعہ میں تلنگانہ کے میدک ضلع سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان سمندر میں بہہ کر ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق رامائم پیٹ کی ایس سی کالونی سے تعلق رکھنے والا 34 سالہ ٹی رامو اپنے گھر والوں کے ساتھ ممبئی کے سمندر میں کشتی کی سیر کے لیے گیا تھا۔ کشتی سے اترنے کے فوراً بعد اچانک تیز سمندری لہریں آئیں جس کے سبب وہ پانی میں بہہ گیا۔ اگرچہ چند لمحے قبل وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ خوشگوار لمحات گزار رہا تھا اور کشتی میں سیر کی ویڈیو بھی بنائی تھی لیکن یہ خوشی ایک لمحے میں غم میں تبدیل ہوگئی۔ رامو کی موت کی خبر جیسے ہی اس کے آبائی گائوں پہنچی پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔