ممبئی ۔ ممبئی شہر کے مضافاتی علاقہ ملاڈ میں شاہنواز شیخ نامی ایک مسلم نوجوان نے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جو یقینی طور پر تاریخ میں ان کا نام روشن کردے گا ۔ 31سالہ شاہنواز فورڈ انڈیور کار کے مالک ہیں جسے انہوںنے 2011 ء میں خریدا تھا اور ساتھ ہی ساتھ پریمیم نمبر پلیٹ 007 حاصل کرنے کیلئے زائد رقم بھی خرچ کی ۔ لاک ڈاؤن کے دوران وہ اپنی اس قیمتی کار کو بطور ایمبولنس استعمال کرتے رہے ۔ 28مئی کو ان کے بزنس پارٹنر کی بہن کورونا وائرس سے فوت ہوگئی جو چھ ماہ کی حاملہ تھی اور ایک ہاسپٹل کے روبرو آٹو رکشا میں اس نے آخری سانس لی تھی ۔ اس واقعہ نے شاہنواز شیخ کو دہلا دیا ۔ اس خاتون کو کسی بھی ہاسپٹل والوں نے شریک نہیں کیا تھا ۔ یہ معلوم ہونے پر کہ اگر خاتون کو بروقت آکسیجن مل جاتی تو اس کی جان بچ جاتی ۔ لہذا شیخ نے اپنی پسندیدہ کار فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اس پیسے سے آکسیجن سیلنڈرس خریدلئے تاکہ وہ کسی بھی ضرورت مند مریضوں کے کام آسکیں ۔ اس طرح 5جون سے جب انہوںنے آکسیجن کے سیلنڈرس مفت تقسیم کرنا شروع کئے ۔ اس وقت سے اب تک انہوں نے کورونا کے زائد از 250مریضوں میں آکسیجن سیلنڈرس تقسیم کئے ہیں ۔