ممبئی: کینسر جیسے غیر موذی امراض کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر تھانے میونسپل کارپوریشن کے دائرہ کار میں 2 مئی سے 6 مئی تک جھگی جھونپڑیوں میں رہنے والے شہریوں کے لیے کینسر کی جانچ کا اہتمام کیا گیا، جس کے لیے خصوصی طور پر کینسر کی تشخیص کرنے والی وین کا استعمال کیا گیا۔ اس پانچ روزہ معائنے کے دوران منہ کے کینسر، چھاتی کے کینسر اور سروائیکل کینسر کی اسکریننگ کی گئی، جس سے مجموعی طور پر 689 شہریوں نے فائدہ اٹھایا۔ ان میں سے 183 افراد نے سروائیکل کینسر کی جانچ کرائی۔ یہ وین 4 فروری کو عالمی یومِ کینسر کے موقع پر ریاستی وزیر صحت پرکاش ابیتکر نے ممبئی میں شروع کی تھی۔ وین پورے مہاراشٹر میں سفر کر کے مختلف شہروں میں کینسر کی جانچ کے لیے استعمال کی جائے گی۔ تھانے میونسپل کارپوریشن کے تحت اس وین کے ذریعہ 2 مئی سے 6 مئی تک معائنہ مہم منظم کی گئی، جس کا افتتاح 2 مئی کو اربن پرائمری ہیلتھ سینٹر روزا گارڈنیا میں ضلع سرجن ڈاکٹر کیلاش پوار کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر (صحت) شری امیش براری، میڈیکل ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر چیتنا نیتل، اور مادر و اطفال فلاحی افسر ڈاکٹر ورشا ہیمنت ساسانے بھی موجود تھیں۔ یہ وین جدید تشخیصی آلات سے لیس ہے ، جن میں منہ کے کینسر کے لیے دانتوں کی کرسی اور بایپسی کا سامان، سروائیکل کینسر کے لیے پاپ سمیر اور VIA ٹیسٹ، اور چھاتی کے کینسر کے لیے بایپسی کا سامان شامل ہے ۔ اس مہم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کچی بستیوں میں رہنے والے ایسے شہریوں کو جدید اسکریننگ کی سہولت فراہم کی جائے جو خود ہسپتال پہنچنے سے قاصر ہیں۔ اس تشخیصی وین نے سب سے پہلے اربن پرائمری ہیلتھ سینٹر روزا گارڈنیا، بعد ازاں سی آر واڈیا، کسان نگر اور آخر میں لوکمانیہ کورس میں قائم مرکز کا دورہ کیا۔ معائنہ کے دوران 131 خواتین کے پاپ سمیر ٹیسٹ اور 39 خواتین کے VIA ٹیسٹ کیے گئے۔
اسی طرح 7 مردوں اور 1 خاتون نے منہ کے کینسر کی بایپسی کروائی۔
ڈاکٹر ورشا ساسانے نے بتایا کہ اس تفتیش کے دوران 3 مرد اور 10 خواتین کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے انہیں مزید علاج کے لیے قریبی اسپتال بھیجا گیا ہے ، جہاں ان کا علاج متعلقہ شہری بنیادی صحت مرکز کی نگرانی میں جاری رکھا جائے گا۔