ممبئی کے فائیو اسٹار ہوٹلوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی

   

ممبئی20فروری(سیاست ڈاٹ کام )لشکر طیبہ نامی دہشت گرد تنظیم نے ممبئی کے فائیواسٹار ہوٹلوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی ہے جس کے بعد سے ممبئی پولیس سمیت انسداد دہشت گر دی دستہ نے حفاظت کے سخت اقدامات کئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق کل کسی نا معلوم مقام سے فائیو اسٹار ہوٹلوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی کا میل موصول ہوا تھا جس کے بعد ممبئی کرائم برانچ اور اے ٹی ایس کے دستوں نے اس کی تفتیش کا آغاز کیا لیکن ای میل فرضی تھا۔فی الوقت ممبئی پولیس نے جنوبی ممبئی کی تاج محل ہوٹل اور اوبرائے ہوٹل کے علاوہ شہر کی تمام فائیو اسٹار ہوٹلوں میں مقامی پولیس کے ہمراہ سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں، ہوٹل کے گاہکوں کو بھی میٹل ڈٹیکٹر اور دیگر حفاظتی ذرائع سے گذرتے دیکھا گیا۔ممبئی پولیس کے جوائنٹ کمشنر رستوگی نے بتایا کہ مختلف فائیو اسٹار ہوٹلوں کو یہ ای میل موصول ہوا تھا، ہم نے اس کی جانچ بھی کی ہے ، ای میل کے فرضی ہونے کا ثبوت ملنے کے بعد بھی سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔