ممبئی ۔ 27 اگست (ایجنسیز) ممبئی کے مشرقی ویرار علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جہاں رما بائی اپارٹمنٹ کی چار منزلہ عمارت کا ایک حصہ آدھی رات کو اچانک منہدم ہوگیا۔ اس واقعے میں اب تک 3 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ عینی شاہدین اور حکام کے مطابق تقریباً 20 سے 25 افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ، این ڈی آر ایف کی ٹیمیں اور ایمبولنس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اب تک پانچ افراد کو زندہ نکالا ہے اور انہیں قریبی وی وی سی ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت عمارت کی چوتھی منزل پر جوئل کنبہ اپنے بچے کا پہلا یوم پیدائش منا رہا تھا۔ افسوسناک طور پر بچے اور اس کی ماں کی موت ہوگئی جبکہ والد اومکار جوئل اور دیگر اہل خانہ اب بھی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور لوگ مدد کے لیے چیختے رہے۔این ڈی آر ایف کے مطابق ریسکیو آپریشن میں شدید رکاوٹیں آ رہی ہیں کیونکہ عمارت کے اطراف کی گلیاں تنگ ہیں اور بھاری مشینری جیسے جے سی بی کو اندر لے جانا ممکن نہیں۔ اس وجہ سے اہلکار ہاتھوں سے ملبہ ہٹانے پر مجبور ہیں۔ ملبے کے نیچے دبے افراد تک پہنچنا اور انہیں محفوظ نکالنا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت پرانی تھی اور بارش کی وجہ سے دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی تھیں۔ حکام نے احتیاطی اقدام کے طور پر عمارت کی دوسری ونگ کو خالی کرا دیا ہے تاکہ مزید جانی نقصان نہ ہو۔ فی الحال پولیس نے عمارت کو سیل کر کے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ریسکیو آپریشن جاری ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کی صحیح تعداد اور نقصان کی مکمل تفصیل جلد سامنے آئے گی۔