ممبئی 14 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کی سنٹرل ریلوے لائن کا قدیم ترین اور مصروف ترین بائیکلہ ریلوے اسٹیشن کی عنقریب تزئین نو کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں ممبئی کی ایک این جی او نے ممبئی ہیرٹیج کنزرویشن کمیٹی (MHCC) اور ریلوے حکام سے درکار اجازت حاصل کرلی ہے۔ یاد رہے کہ بائیکلہ ریلوے اسٹیشن 166 سال پرانا ہے۔ دریں اثناء ریلوے کے ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار نے بتایا کہ حال ہی میں ’’آئی لو ممبئی‘‘ نامی این جی او نے سنٹرل ریلوے کے ممبئی ڈیویژن کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ سنٹرلر یلوے کے ترجمان سنیل اداسی نے یہ بات بتائی۔ اسٹیشن کی تزئین کا کام عنقریب شروع کیا جائے گا اور ممبئی کے شہری اب بائیکلہ اسٹیشن کا ایک نیا روپ دیکھ سکیں گے۔ مذکورہ این جی او کی قیادت بی جے پی کی قائد شائنا این سی کرتی ہیں اور اس کے لئے کنزرویشنسٹ آرکیٹکٹ ابھالامبا کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ بائیکلہ ریلوے اسٹیشن سے متصلہ ڈمپنگ یارڈس کو باغات میں تبدیل کردیا جائے گا۔ اپریل 1853 ء میں جب ممبئی سے تھانے کے لئے پہلی بار ریل چلائی گئی تھی، بائیکلہ ریلوے اسٹیشن اُس وقت بھی موجود تھا جبکہ اسٹیشن کی شکل کی تعمیر کا آغاز 1887 ء میں ہوا تھا اور تکمیل1891 ء میں ہوئی تھی۔