ممبئی گول میز کانفرنس: نسیم خان کا سیاسی و قانونی جدوجہد پر زور

   

ممبئی ، 10 جولائی (یو این آئی) ریاست مہاراشٹر میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتے مظالم کے خلاف سیاسی، سماجی اور قانونی سطح پر مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سابق وزیر عارف نسیم خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں اقلیتیں خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام جم خانہ، نریمان پوائنٹ میں نیشنل کانفرنس فار مینارٹیز کے زیر اہتمام منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس اجلاس میں سابق وزیر نواب ملک، سابق ایم ایل اے وجاہت مرزا، یوسف ابرہانی، آئی یو ایم ایل کے ریاستی صدر عبدالرحمن، سابق کارپوریٹر راشد شیخ، ایڈوکیٹ ایوب شیخ، میدھا کلکرنی، شہاب الدین شیخ، سلیم بگوان، سلیم پاٹیکری، آرگنائزر اور صدر راہل ڈمبلے کے ساتھ ساتھ ریاست کے مختلف اضلاع سے آئے نمائندگان اور سماجی کارکنان نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت سابق سینئر آئی پی ایس افسر عبدالرحمن نے کی۔ اجلاس میں اقلیتوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفت و شنید ہوئی اور مستقبل کی حکمت عملی طے کی گئی۔کانفرنس کے دوران مہاراشٹر کے اضلاع ناندیڑ، اورنگ آباد، ناگپور، پونے ، کولہاپور، احمد نگر سے آئے نمائندوں نے اپنے اپنے علاقوں میں پیش آئے مظالم کے واقعات بیان کیے ۔ کہیں لو جہاد کے نام پر نوجوانوں پر حملے کیے گئے ، کہیں مذہبی مقامات کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی گئی، تو کہیں ہجومی تشدد کے نتیجے میں خاندان برباد ہوئے ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات نے اقلیتی برادری میں شدید خوف کا ماحول پیدا کر دیا ہے ۔