ممبئی ، 8 نومبر (یو این آئی) ووٹ چوری کے خلاف ممبئی یوتھ کانگریس نے ایک منفرد عوامی بیداری مہم کا آغاز کیا جس کے تحت میٹرو اور لوکل ٹرینوں میں عوام سے براہِ راست رابطہ قائم کیا گیا۔ یوتھ کانگریس کی صدر جینت شبرین کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے گھاٹ کوپر سے ساکی ناکا اور اندھیری سے گورگاؤں تک ٹرینوں میں سفر کرتے ہوئے عوام کو ووٹ چوری کے خطرات سے آگاہ کیا۔یہ مہم اس وقت شروع کی گئی جب راہول گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر الزام لگایا کہ وہ الیکشن کمیشن کی مدد سے ووٹ چوری کر رہی ہے ۔ ان کے مطابق جمہوریت کے اس ستون پر شکوک و شبہات کے سائے پڑ چکے ہیں اور شفاف انتخابات کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے ۔یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے شہریوں میں معلوماتی کتابچے تقسیم کیے جن میں ووٹ چوری کے طریقہ کار اور اس کے اثرات پر روشنی ڈالی گئی تھی۔ووٹ چوری کے خلاف کانگریس کی جانب سے مہم جاری ہے۔