ترنمول کانگریس قائدین کی بی جے پی میں شمولیت ممتا حکومت سے مایوسی کا مظہر
نئی دہلی : مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ ممتابنرجی ایک ناکام چیف منسٹر ہیں ۔ انہوں نے ممتابنرجی پر راست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ناکامیوں کی وجہ سے مغربی بنگال کی عوام میں بے چینی پیدا ہوئی ہے ۔ ترنمول کانگریس کے قائدین بھی اپنی لیڈر سے مایوس ہوچکے ہیں اس لئے یہ لوگ بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہورہے ہیں ۔ ٹی ایم سی قائدین کی بی جے پی میں شمولیت ممتابنرجی حکومت سے مایوس کا مظہر ہے ۔ امیت شاہ نے مزید کہا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی حکومت بنانے جارہی ہے ۔ ان کا یہ بیان ایک دن بعد آیا جب کہ کل ہی ٹی ایم سی کے پانچ سابق قائدین نے دہلی پہنچ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ ٹی ایم سی کے سابق قائدین راجیو بنرجی بائسالی ڈلمیا ، پربیر بھوشل ، رتھن چکرورتی اور رودرنل گھوش ہفتہ کو بی جے پی میں شامل ہوگئے ۔ امیت شاہ نے امید ظاہر کی کہ مجھے یقین ہے کہ بی جے پی میں ان کی شمولیت سے مغربی بنگال کو سنہرا بنانے کیلئے بی جے پی کی جدوجہد میں مزید شدت پیدا ہوگی ۔ بی جے پی کو اس سے پوری قوت حاصل ہورہی ہے ۔ قبل ازیں دن میں مغربی بنگال ہورا میںویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے ممتا بنرجی پر یہ بھی الزام عائد کیا تھا کہ یہ چیف منسٹر ریاست میں صرف اپنے رشتہ داروں کی خدمت کررہی ہے ۔ اسمبلی انتخابات کے موقع پر اب اُن کے ساتھ کھڑے رہنے کیلئے کوئی نہیں رہے گا وہ یکا و تنہا رہ جائے گی ۔ میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ انتخابات کے بعد ریاست میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوگا ۔ مودی حکومت’’ جن کلیان ‘‘کا کام کررہی ہے ۔ جب کہ ممبابنرجی حکومت’’ بھتیجہ کلیان‘‘ کا کام کررہی ہے ۔