ممتابنرجی حکومت پانچ ماہ میں زوال کا شکار ہوجائے گی

   

مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ شانتانو ٹھاکر کا دعوی ۔ پنچایت انتخابات میں دھاندلیوں کا الزام
کولکاتہ : بی جے پی نے آج دعوی کیا ہے کہ مغربی بنگال میں ممتابنرجی حکومت کا زوال صرف کچھ وقت کی بات ہے ۔ پارٹی نے ریاست میں ٹی ایم سی کے خلاف اپنی تنقیدوں میں شدت پیدا کردی ہے ۔ اس دعوی کی تردید کرتے ہوئے ترنمول کانگریس نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی قائدین دہلی میں اپنی ریٹنگ بڑھانا چاہتے ہیں اس لئے ایسی حکومت کے خلاف تنقید کر رہے ہیں جسے عوام کی تائید حاصل ہے ۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ شانتانو ٹھاکر نے اپنے حلقے بونگاوں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترنمول کانگریس کی حکومت پانچ ماہ سے زیادہ کی مہمان نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ممتابنرجی کی حکومت اپنا وجود کھوچکی ہے ۔ اگر ٹی ایم سی نے حالیہ پنچایت انتخابات میں دھاندلیاں اور بدعنوانیاں نہیں کی ہوتیں تو بی جے پی کو ہزاروں نشستوں پر کامیابی حاصل ہوتی ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ یہ ترنمول کانگریس کی نگرانی والے آخری انتخابات تھے ۔ ان انتخابات میں تمام سرکاری مشنری بشمول ریاستی الیکشن کمیشن غیرجانبدار رہنے میں ناکام رہے ہیں۔ مسٹر ٹھاکر مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ شپنگ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ احساس ہے کہ یہ حکومت پانچ ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی ۔ بی جے پی بنگال یونٹ کے سربراہ سوکنتا مجمدار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کبھی بھی کچھ بھی ہوسکتا ہے ۔ ہمیں انتظار کرنا ہے کہ کیا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا ۔ حکومت کے خلاف عوام کی جدوجہد شروع ہوسکتی ہے ۔ ترنمول کانگریس کے ارکان اسمبلی اچانک ہی ممتابنرجی سے اختلاف کرسکتے ہیں۔ کبھی بھی کچھ بھی ہوسکتا ہے ۔