ممتابنرجی عظیم اتحاد کی امکانی وزارت عظمیٰ کی امیدوار

   

وزیراعظم کا انٹرویو خودکلامی، بعیداز حقیقت لفاظی، مفادات پر مبنی ایجنڈہ: اپوزیشن
کولکتہ ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برسراقتدار ترنمول کانگریس منگل کے دن 21 سال کی ہوجائے گی۔ ممتابنرجی کو امکان ہیکہ آئندہ عام انتخابات میں عظیم اتحاد کا وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنایا جائے گا۔ پارٹی نے عہد کیا کہ سیکولر اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کیلئے انتھک جدوجہد کرے گی۔ نریندر مودی کی ترنمول کانگریس پر تنقید کے ردعمل کے طور پر ترنمول کانگریس نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم کو ہمیں نصیحت کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم کے ذرائع ابلاغ کو انٹرویو میں کئے ہوئے تبصروں پر اپوزیشن پارٹیوں نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے ’’مفادات پر مبنی ایجنڈہ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ صرف لفاظی ہے۔ کانگریس کے ترجمان ملن کوہلی نے کہا کہ کوئی حیرت نہیں ہوئی کیونکہ یہ ایک مایوس آدمی کے الفاظ ہیں جو وقت سے زیادہ کام کررہا ہے۔ ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے کہا کہ یہ انٹرویو بعیداز حقیقت لفاظی ہے۔ قوم مصائب میں مبتلا ہے لیکن وزیراعظم نوٹوں کی تنسیخ، گبر سنگھ ٹیکس، بینکوں کے فراڈ، کالادھن ختم کرکے ہر شخص کے بینک کھاتے میں 15 لاکھ روپئے جمع کرنے سے قاصر رہنے، رافیل سودے میں کرپشن میں ملوث رہنے، قیمتوں میں اضافہ، قوم کی صیانت خطرہ میں پڑجانے، کاشتکاروں کے مصائب اور اچھے دن لانے سے قاصر رہنے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی بی جے پی حکومت کا ایجنڈہ اور کارکردگی کا ریکارڈ ہے۔ بی جے پی کے ترجمان شاہنواز حسین نے اپوزیشن کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے صرف ایک انٹرویو میں اقتدار کی صداقت اور خلوص ثابت کردیا ہے اور اپوزیشن کے تمام الزامات کو بے بنیاد ثابت کردیا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ رام مندر کی ایودھیا میں تعمیر کی راہ ہموار کرنے کیلئے کوئی آرڈیننس جاری نہیں کیا جائے گا۔