ممتابنرجی نے اپنی انا کیلئے ریاست کے کسانوں کو فوائد سے محروم کیا

,

   

بنگال کے عوام نے دیدی کو ’ نمستے اور ٹاٹا ‘ کہنے کا ذہن بنالیا ہے ۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا کا خطاب

مالڈا ( مغربی بنگال ) بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے آج مغربی بنگال میں کسانوں کے ساتھ فرش پر بیٹھ کر کھچڑی کھائی اور ممتابنرجی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے ریاست کے کسانوں کو پی ایم کسان اسکیم سے محض اپنی انا کی تسکین کیلئے محروم کیا ہے ۔ ایک ایسے دن جبکہ کسان یونینوں نے مرکزی حکومت کے تین متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف چکا جام کا اعلان کیا ہے جے پی نڈا نے یہ واضح کیا کہ بی جے پی اور نریندر مودی حکومت ملک میں زرعی برادری کی فلاح و بہبود کی پابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ممتابنرجی حکومت نے پی ایم کسان سمان ندھی یوجنا پر اسی وقت عمل کرنے سے اتفاق کیا جب انہیں احساس ہوا کہ وہ کسانوں میں اعتماد سے محروم ہوتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مغربی بنگال میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو کسانوں سے انصاف کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ریاست کے کسانوں کو پی ایم کسان اسکیم سے محروم کرتے ہوئے ناانصافی کی ہے ۔ ممتابنرجی کی ہٹ دھمی اور انا پرستی کی وجہ سے انہوں نے اس اسکیم کو ریاست میں لاگو کرنے سے گریز کیا ہے ۔ اس کے نتیجہ میں گذشتہ دو سال میں 70 لاکھ کسان متاثر ہوئے ہیں جنہیں سالانہ 6000 روپئے کی امداد مل سکتی تھی ۔ جے پی نڈا کرشک سرکشا ابھیان اور ایک مٹھی چاول مہم کے اختتامی مرحلہ میں ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے ۔ بی جے پی نے یہ پروگرام کسانوں تک رسائی کیلئے شروع کیا ہے تاکہ اپوزیشن کے ان الزامات کا جواب دیا جاسکے کہ بی جے پی اور مودی حکومت کسان مخالف ہیں۔ جے پی نڈا نے کہا کہ وزیر اعظم نے حال ہی میں 100 ویں کسان ریل کا افتتاح کیا ہے ۔ اس کے نتیجہ میں کسانوں کو اپنی پیداوار بہت آسانی سے ملک کے کسی بھی مقام تک منتقل کرنے میں سہولت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ آج جبکہ بنگال کے 25 لاکھ کسانوں نے پی ایم کسان سمان ندھی اسکیم کے فوائد کیلئے درخواستیں مرکزی حکومت کو روانہ کی ہیں تو ممتابنرجی کا کہنا ہے کہ وہ اس اسکیم پر عمل کرینگی ۔ ممتابنرجی کو یہ احساس اس لئے ہوا ہے کیونکہ ریاست میںانتخابات ہونے والے ہیں۔ تاہم ان کا یہ فیصلہ کافی تاخیر سے کیا گیا ہے ۔ جے پی نڈا نے کہا کہ ریاستی عوام نے ممتابنرجی کو نمستے اور ٹاٹا کہنے کا ذہن بنالیا ہے ۔ ان کی پارٹی کو اسمبلی انتخابات میںشکست ہوگی ۔ ممتابنرجی کا یہ حال ہوگیا ہے کہ وہ جئے شری رام کا نعرہ سن کر آپا کھو بیٹھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ جلسہ گاہ آ رہے تھے انہیںیہ نعرے سنائی دئے لیکن وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ یہ نعرے سن کر ممتابنرجی کو غصہ کیوں آتا ہے ۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ اگر ممتابنرجی حکومت نے کسانوں کی بہتر خدمت کی ہوتی تو انہیںغصہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ آج جے پی نڈا کے علاوہ ریاستی بی جے پی کے سربراہ دلیپ گھوش اور دوسرے پارٹکی قائدین نے کسان برادری کے ساتھ کھچڑی اور ترکاری کا سالن فرش پر بیٹھ کر کھایا ۔ اس موقع پر بھی جئے شری رام کے نعرے لگائے جا رہے تھے ۔ نڈا نے مالڈا میں بی جے پی کے ایک روڈ شو کی بھی قیادت کی ۔ اس موقع پر بھی بی جے پی قائدین موجود تھے ۔