کیرالا میں بایاں بازو اور آسام میں بی جے پی کی دوبارہ حکومت ۔ پڈوچیری میں معلق اسمبلی کا امکان ۔ ایگزٹ پولس کے نتائج
نئی دہلی : مغربی بنگال اسمبلی الیکشن میں وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی طوفانی انتخابی مہم کے باوجود آج آٹھویں و آخری مرحلہ کی پولنگ کے اختتام پر جاری کردہ ایگزٹ پولس میں چیف منسٹر ممتابنرجی کے اقتدار کی برقراری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ کیرالا میں پی وجین اور آسام میں سرب نند سونووال کی سرکردگی میں ترتیب وار بائیں بازو اور بی جے پی کی حکومت برقرار رہنے کی توقع ہے ۔ ٹاملناڈو میں اناڈی ایم کے کی پلانی سوامی حکومت کو شکست ہوگی اور ایم کے اسٹالن زیرقیادت ڈی ایم کے حکومت کی اقتدار پر واپسی یقینی معلوم ہورہی ہے ۔ چھوٹی ریاست پوڈوچیری میںمعلق اسمبلی کا امکان ہے ۔ زیادہ تر ایکز پولس میں ممتابنرجی کی برسراقتدار ٹی ایم سی کو 294 رکنی ریاستی اسمبلی میں سادہ اکثریت سے زیادہ نشستیں ملنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے ۔ بی جے پی کو بنگال میں بڑا فائدہ ضرور ہونے والا ہے ۔ اوسطاً ٹی ایم سی کو 155 تا 160 اسمبلی نشستیں حاصل ہوں گی اور بی جے پی کو 105 تا 110 سیٹیں مل سکتی ہیں ۔ ٹاملناڈو میں ڈی ایم کے اتحاد 234 رکنی اسمبلی میں 160 سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گا ۔ کیرالا میں 140 رکنی اسمبلی میں ایل ڈی ایف کو 105 اور آسام میں 126 رکنی اسمبلی میں بی جے پی اتحاد کو تقریباً 70 نشستیں مل سکتی ہیں ۔