کابینی وزیر راجیوبنرجی مستعفی اور بی جے پی میں شامل
کولکاتا : مغربی بنگال کی ممتابنرجی حکومت کو ایک اور دھکہ لگا ہے۔ کابینی وزیر راجیوبنرجی نے آج وزارت سے استعفیٰ دیدیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ترنمول کانگریس کے بعض قائدین ان کے خلاف پروپگنڈہ کررہے ہیں اور انہیں بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں پارٹی میں ذلیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ وہ ممتابنرجی کی حکومت میں وزیرجنگلات تھے۔ اس سے قبل شوبھندو ادھیکاری نے وزارت اور ترنمول کانگریس سے استعفیٰ دینے کے بعد بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ سابق کرکٹر اور ریاستی وزیرمملکت لکشمی رتن شکلا نے بھی سیاست سے دور رہنے کا اعلان کرتے ہوئے ممتابنرجی کابینہ کو خیرباد کہا تھا۔ راجیو بنرجی نے بھی اسی نقش قدم پر چلتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے گورنر کو مکتوب لکھا اور کہا کہ مجھے ریاست کے لوگوںکی خدمت کرنے پر فخر ہے۔ مجھے ایسا موقع دینے کا شکریہ۔ انہوں نے استعفیٰ کے قبول کرنے کی درخواست کی ہے۔ ترنمول کانگریس کے ناراض قائدین کو شکایت ہیکہ پارٹی پرائیویٹ کمپنی بن چکی ہے۔ لیڈروں کے ساتھ نوکر جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ ان کی بی جے پی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان وزیرداخلہ امیت شاہ کے دورہ مغربی بنگال کے دوران کیا جائے گا۔ 31 جنوری کو وہ ہوڑا میں ایک ریالی سے خطاب کرنے والے ہیں۔