ممتاز اداکار و مکالمہ نگار قادر خان کا انتقال

,

   

کنیڈا میں تدفین، صدر کووند اور وزیراعظم مودی کا اظہار تعزیت

ٹورنٹو ؍ ممبئی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے سینئر اداکار قادر خان کا طویل علالت کے بعد کنیڈا میں بعمر 81 سال 31 ڈسمبر کو انتقال ہوگیا۔ ان کے فرزند سرفراز نے اس اطلاع کی توثیق کی ہے۔ قادر خان کو کنیڈا کے دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا اور ان کے فرزند نے کہا ہے کہ اس ملک میں ہی تدفین عمل میں آئے گی۔ سرفراز خان نے کہاکہ ’میرے والد ہمیں چھوڑ کر رخصت ہوگئے۔ کنیڈا کے وقت کے مطابق 31 ڈسمبر کو 6 بجے شام ان کا انتقال ہوا۔ وہ طویل عرصہ سے علیل تھے اور کل دوپہر سے ان پر بیہوشی طاری ہوچکی تھی۔ وہ گزشتہ 17-16 ہفتوں سے اس دواخانہ میں شریک تھے‘۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیراعظم نریندر مودی نے تعزیت کا اظہار کیا۔ ’نماز جنازہ اور تدفین کنیڈا میں ہی ہوگی۔ ہمارا سارا خاندان یہاں موجود ہے۔ ہم یہیں رہتے ہیں چنانچہ یہیں تدفین کی جارہی ہے‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ’تمام دعاگو حضرات کے ہم ممنون و مشکور ہیں‘۔ 1980 ء اور 1990 ء کی دہائیوں میں عروج پر رہنے والے اس اداکار اور مکالمہ نگار کے انتقال کی اطلاعات چند دن قبل بھی گشت کرنے لگی تھیں جس کی سرفراز نے تردید کی تھی۔ قادر خان کو تنفس کا عارضہ تھا۔ علاوہ ازیں ایک ایسے مرض سے دوچار ہوگئے تھے جس کے نتیجہ میں توازن برقرار رکھنا، چلنا پھرنا دشوار ہوگیا تھا اور وہ بہت کمزور ہوگئے تھے۔ قادر خان کابل میں پیدا ہوئے تھے۔ 1973 ء میں راجیش کھنے کی فلم ’داغ‘ سے اپنا فلمی کیرئیر شروع کیا تھا اور تقریباً 300 فلموں میں اداکاری کی تھی۔ اداکار بننے سے قبل وہ 250 فلموں کے مکالمے بھی لکھ چکے تھے۔ جن میں رندھیر کپور ۔ جیہ بچن کی فلم ’جوانی دیوانی‘ کے مکالمے بھی شامل ہیں۔ اسکرین رائٹر کی حیثیت سے وہ اکثر منموہن دیسائی اور پرکاش مہرہ کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ دیسائی کے ساتھ قادر خان کی چند اہم اور کامیاب فلموں میں ’’دھرم ویر‘‘ ، ’’گنگا جمنا سرسوتی‘‘ ، ’’قلی‘‘ ، ’’دیش پریمی‘‘ ، ’’سہاگ‘‘ ، ’’پرورش‘‘ اور ’’امر اکبر انتھونی‘‘ شامل ہیں۔ پرکاش مہرہ کے ساتھ قادر خان کی چند اہم فلمیں ’’جوالا مکھی‘‘ ، ’’شرابی‘‘ ، ’’لاوارث‘‘ ، ’’مقدر کا سکندر‘‘ وغیرہ ہیں۔

قادر خان صلاحیتوں کے حامل رائٹر اور اداکار: امیتابھ
ممبئی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) میگا اسٹار امیتابھ بچن نے اپنے ساتھ اکثر فلموں میں کام کرنے والے اداکار اور مکالمہ نگار قادر خان کو آج پُراثر خراج عقیدت ادا کیا جن کا کنیڈا میں طویل علالت کے بعد 31 ڈسمبر کو انتقال ہوگیا۔ امیتابھ بچن، جنھوں نے کامیابی کے کئی ریکارڈ بنانے والوں فلموں ’’دو اور دو پانچ‘‘ ، ’’مقدر کا سکندر‘‘ ، ’’مسٹر نٹور لال‘‘ ، ’’سہاگ‘‘ ، ’’قلی‘‘ اور ’’شہنشاہ‘‘ میں کام کیا تھا، اُنھیں یاد کرنے ٹوئٹر کا سہارا لیتے ہوئے لکھا کہ وہ ایک ہمہ گیر شخصیت تھے۔ امیتابھ بچن نے کہاکہ ’’قادر خان گزر گئے۔ ایک افسوسناک خبر ہے۔ ان کے لئے میری دعائیں اور تعزیت۔ وہ ایک غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل اسٹیج اداکار تھے‘‘۔

سیاست دانوں کی جانب سے قادر خاں کو خراج عقیدت
ممبئی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے سیاست دانوں نے آج قادر خاں کے انتقال پر ان کو بالی ووڈ کے ایک عظیم قلمکار اور اداکار سے تعبیر کیا ہے جو پردے پر اپنے مخصوص مکالموں اور اداکاری سے سامعین کو نہ صرف ہنساتے تھے بلکہ ان کو متاثر کردیتے تھے۔ قادر خاں جنہوں نے فلموں کیلئے بہت ہی مشہور مکالمے تحریر کئے تھے، کا 81 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد کینیڈا میں انتقال ہوگیا۔ مہاراشٹرا کلچرل منسٹر ونود تاؤڑے نے کہا کہ قادر خاں کے انتقال نے ہندوستانی سنیما کے ایک شاندار دور کا خاتمہ ہوگیا اور انہوں نے ان کے پسماندگان اور ارکان خاندان کو تعزیت پیش کی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ اور کانگریس صدر اشوک چوہان نے کہا کہ ان کے انتقال سے وہ صدمہ سے دوچار ہیں۔ مہاراشٹرا کانگریس نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ قادر خاں اپنی اداکاری سے مسلسل ہنسانے اور سامعین کو اپنے مخصوص انداز کی ایکٹنگ سے محظوظ کرنے کیلئے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ قادر خاں نے اپنے کیریئر کی شروعات 1973ء میں کی تھی اور 300 فلموں سے وہ منسلک رہے ہیں اور 250 فلموں کے مکالمے انہوں نے تحریر کئے ہیں۔ ممبئی یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور کانگریس لیڈر بھالچندرا منگیکر نے قادر خاں کے انتقال پر سخت صدمہ کا اظہار کیا ہے۔