ممتاز مزاحیہ فنکار دولت رام چل بسے

   

حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) یہ خبر بہت ہی افسوس اور رنج کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ دکنی تہذیب کے علمبردار، اِسٹیج کی دنیا کے عظیم مزاحیہ فنکار دولت رام کا کل رات دیہانت ہوگیا۔ وہ 82 برس کے تھے۔ پچھلے کچھ عرصہ سے وہ علیل تھے۔ حیدرآباد کی ادبی و تہذیبی محفلوں میں یکساں مقبول فنکار دولت رام اُردو کے پرستار بھی تھے اور اُردو زبان اور حیدرآباد کے لہجے میں مزاح نگاری میں مہارت رکھتے تھے۔ اُن کا شہر کی قدیم تہذیبی انجمن ’’فائن آرٹس اکیڈیمی‘‘ سے گہرا تعلق تھا۔ فتح میدان کلب کے ممبران اور سیاسی شخصیتوں میں بھی وہ کافی مقبول تھے۔ دولت رام ، روزنامہ سیاست کے بانی ایڈیٹر جناب عابد علی خان اور برصغیر کے نامور مزاح نگار مجتبیٰ حسین کے پسندیدہ فنکار رہے جس کا ذکر وہ اکثر کیا کرتے تھے۔ ان کا پیش کردہ مشہور پروگرام ’’کاروانِ مزاح‘‘ ہر سال رویندرا بھارتی میں پیش کیا جاتا تھا۔ دولت رام کی آخری رسومات سندھی ہندو رواج کے مطابق عنبرپیٹ میں ادا کی گئی۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 9959469343 یا 9394542216 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔