ممتاز مزاح نگار مجتبیٰ حسین پر انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ کا 511صفحات پر مشتمل شاندار، دیدہ زیب اور ضخیم نمبر منظرِ عام پر

   

گلبرگہ۔ انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ، ریاست کرناٹک کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر ماجد داغی کی ادارت میں عالمی شہرت یافتہ طنز و مزاح نگار ڈاکٹر مجتبیٰ حسین پر ایک شاندار، دیدہ زیب، ضخیم اور رنگین یادگار تصاویر کے ساتھ زبردست نمبر شائع ہوکر منظرِ عام پر آچکا ہے۔ اس نمبر میں ڈاکٹر ماجد داغی مدیرِ ”مجتبیٰ حسین نمبر” کے حرفِ آغاز کے بعد حضرت سید شاہ محمد محمد الحسینی سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ اور گلبرگہ کے ممتاز سیاسی قائد جناب محمد علی سابق ریاستی وزیر پر دلچسپ خاکوں کے علاوہ ان کے دیگر پانچ شاہکار منتخب انشائیے اور مضامین کے بعد مجتبیٰ حسین کے فن اور شخصیت پر بین الاقوامی شہرت یافتہ قلمکاروں، ناقدین اور دانشوروں پروفیسر رحمت یوسف زئی، پروفیسر مجید بیدار،پروفیسر علی احمد فاطمی، ظفر آغا، پروفیسر مناظر عاشق، ڈاکٹر مصطفی کمال، معصوم مرادآبادی، پروفیسر بیگ احساس، رفیق جعفر، ڈاکٹر صابر علی سیوانی، ڈاکٹر اودھیش رانی، نارنگ ساقی، لالی چودھری امریکہ، ڈاکٹر رؤف خیر، نذیر فتح پوری، فیاض رفعت، ڈاکٹر ممتاز منور پیر بھائی، ڈاکٹر سہیل کے علاوہ وحید واجد، رضا نقوی، متین امروہوی،چندر بھان خیال، کمال الدین شمیم، یوسف ندیم، محبوب انبھومی، رشید السمیع جلیل، تنویر بھوپالی، واجد ندیم شکاگو،امتیاز دانش ندوی کے مقالات و مضامین اور شعری تخلیقات کے علاوہ ان کی زرین آراء، ملک و بیرون ملک کے شعرائے کرام کی تہنیتی و تعزیتی نظموں کا شاندار گوشہ کے ساتھ ساتھ ممتاز مقامی قلمکاروں کے مضامین و نظمیں، دنیا بھر کی عظیم شخصیتوں، مشاہیرین اور اداروں کے تاثرات و تعزیتی پیامات، دنیا کے مایہ ناز شخصیات کے مجتبیٰ حسین کے نام لکھے گئے خطوط کا انتخاب، مجتبیٰ حسین درونِ خانہ کے زیرِ عنوان بیگم مجتبیٰ حسین کا ایک تعارف ایک ملاقات، دخترانِ مجتبیٰ حسین محترمہ راشدہ صمدانی،نجیبہ خان کے رشحاتِ قلم اور بزبانِ انگریزی ان کے نواسیوں کے مضامین اور نبیرہ کی نظم کے علاوہ ڈاکٹر ماجد داغی کی مجتبیٰ حسین کے اہلِ خانہ سے ایک ملاقات کے تحت بیگم مجتبیٰ حسین کی اپنے سرتاج پر بہت دلچسپ اور فکر انگیز رائے اور دختر راشدہ صمدانی و فرزندانِ مجتبیٰ حسین جناب مصباح حسین اور جناب ہادی حسین کی اپنے والدِ بزرگوار کی شخصیت پر معلومات افزا رائے بھی پڑھی جاسکتی ہے۔ 511 صفحات پر مشتمل اس شاندار نمبر کی برِ صغیر ہند و پاک میں جامعات کے پروفیسرز، دانشوران اور اسکالرز میں مسلسل مانگ اس کی غیر معمولی پذیرائی کی غماز ہے۔ واضح رہے کہ اس خصوصی شمارہ کے مدیرِ اعلیٰ امجد جاوید اور مجلسِ مشاورت میں ڈاکٹر وہاب عندلیب، ولی احمد، پروفیسر محمد عبدالحمید اکبر،ڈاکٹر رفیق رہبر اور ڈاکٹر اسماء تبسم کے نام شامل ہیں۔ انجمن کا اولین سالانہ ترجمان 1982ء میں سینئر صحافی جناب حکیم شاکر کی ادارت میں شائع ہوا تھا اس کی اشاعت کا مقصد جہاں زبان و ادب کی ترویج و ترقی ہے وہیں پر انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالنا بھی ہے۔