نئی دہلی 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) نیتی آیوگ وائس چیرمین راجیو کمار نے آج توقع ظاہر کی کہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نیتی آیوگ کے گورننگ کونسل اجلاس میں شرکت کریں گی۔ یہ اجلاس 15 جون کو منعقد ہورہا ہے۔ چیف منسٹر مغربی بنگال نے کل ہی نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ اس اجلاس میں شرکت کرنا بے فیض ہے کیوں کہ یہ مالیاتی ادارہ ریاستی منصوبوں کو قطعیت دینے کا اختیار نہیں رکھتا۔ راجیو کمار نے کہاکہ ہم نے ممتا بنرجی کو اجلاس میں شرکت کے لئے مدعو کیا ہے اور توقع ہے کہ وہ ضرور شرکت کریں گی۔