نئی دہلی ۔11 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول کانگریس کی سربراہ و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک اچھی مصور ، ادیب ، نغمہ نگار ، کمپوزر اور شاعرہ ہیں اب ایسا لگتا ہے کہ وہ ساڑی ڈیزائنر بھی بن گئی ہیں۔ ممتا بنرجی کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ ہمیشہ کھادی کی ساڑی زیب تن کرتی ہیں اور بہت سادگی سے زندگی گذارتی ہیں۔ ان کی کھادی اور کاٹن کی ساڑیوں میں ایک انچ چوڑا بارڈر اور پٹی دار جو پلو ہوتا ہے وہ دراصل دی دی کی ذہنی اختراع ہے ۔ ان کے سیدھے سادے ڈیزائن کو عمدہ کاٹن میں ڈھالا جارہا ہے اور یہ کام ضلع ناویہ کے دستکار انجام دے رہے ہیں۔ اس طرح کی محدود ساڑیاں تیار کی جارہی ہیں جن کی قیمتیں 3000 روپئے تک مقرر کی گئی ہیں ۔ تاہم بافندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان ساڑیوں کو ریٹیل میں فروخت نہ کریں۔
