صنعت کار شدید دبائو میں، بعض ملک چھوڑنے پر مجبور
کولکتہ۔31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے چہارشنبہ کو کیفے کافی ڈے کے مالک کی موت کو بہت ہی بدبختانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کیفے کافی ڈے کے مالک مختلف سرکاری ایجنسیوں کی ہراسانی سے ذہنی تنائو میں تھے اور اپنے کاروبار کو بخوبی چلانے میں ناکام ہوگئے اور بالآخر انہوں نے اپنی ناکامی کو تسلیم کرلیا۔ ممتا نے کہا کہ مختلف ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بڑی بڑی صنعتوں کے مالکین سخت دبائو میں ہیں اور ان میں سے بعض ملک سے جاچکے ہیں اور بعض ملک سے نکل جانے پر غور کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ حزب مخالف کی تمام جماعتیں ’’ہارس ٹریڈنگ‘‘، ہرسانی اور سیاسی انتقام سے خوف زدہ ہیں۔ ممتا بنرجی نے سدھارتھ کے خاندان کے افراد کو تعزیت پیش کی۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب ملک کی معاشی ترقی کا جاریہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ناک کے بل گر پڑی ہے اور بے روزگاری اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ حکومت سرکاری اثاثہ جات میں تخفیف سرمایہ کاری کے بارے میں غور کررہی ہے۔