نئی دہلی۔17 جون (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزیر بابل سپریو اور دیباشری چودھری کے نام کو جب لوک سبھا کے رکن کی حیثیت سے حلف برداری کے لیے پکارا گیا تو ان کا خیرمقدم’’جئے شری رام‘‘ کے نعروں سے کیا گیا۔ یہ حرکت دراصل مغربی بنگال کی چیف منسٹر کو تنگ کرنے کے لیے کی گئی۔ جنہوں نے بعض موقعوںپر یہ نعرہ لگانے پر اعتراض کیا تھا۔ بابلی سپریو اور مملکتی وزیر برائے اطفال و خواتین چودھری کے نام جب حلف برداری کے لیے پکارے گئے تو دونوں موقعوں پر ان لوگوں کا سواگت جئے شری رام کے نعروں کی گونج میں کیا گیا۔ 31 مارچ کو جب ممتا بنرجی کی موٹر کاروں کا قافلہ 24 پرگنہ ضلع کے شمالی خطے سے گزر رہا تھا اس وقت جئے شری رام کا نعرہ لگانے والے کم سے کم سات افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ممتابنرجی اس موقع پر نہایت ہی برہمی کے عالم میں اپنی کار سے نکل آئی تھیں اور مبینہ طور پر اپنے محافظین کے دستے سے کہا تھا کہ وہ نعرے بازی میں ملوث افراد کے نام نوٹ کریں۔