ممتا بنرجی کی اتحاد اور آئین کے تحفظ کیلئے بیداری کی اپیل

   

کولکتہ۔ 26 جنوری (یو این آئی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کے روز یوم جمہوریہ کے موقع پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور شہریوں سے جمہوری اقدار، اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) ہینڈل پر پوسٹ میں ممتا بنرجی نے کہا کہ انہوں نے کولکتہ کے ریڈ روڈ پر یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کی اور پریڈ کو ایک غیر معمولی تجربہ قرار دیا۔ انہوں نے اس شاندار تقریب کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور شرکاء کی حوصلہ افزائی کرنے پر لوگوں کا بھی اظہارِ تشکر کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ہندوستان کے مجاہدینِ آزادی اور آزادی کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کرنے والے تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جرأت، قربانی اور بہادری آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ باعثِ تحریک بنی رہے گی۔ ممتا بنرجی نے عوام سے جمہوری اقدار کے تحفظ اور امن، اتحاد، بھائی چارے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کا عہد لینے کی اپیل بھی کی اور کہا کہ ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے اجتماعی عزم ضروری ہے ۔ اس سے قبل دن میں ممتا بنرجی نے ایک الگ پیغام میں بھی یوم جمہوریہ کی مبارکباد دی اور آئین اور ہندوستانی جمہوریہ کی بنیادی قدروں کے تحفظ کے لیے چوکنا رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے شہریوں سے انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کے لیے اپنی وابستگی کی تجدید کرنے کو کہا اور ہندوستان جیسے کثیرالثقافتی ملک میں شمولیت، تنوع اور سماجی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔