ممتا بنرجی ہی چیف منسٹر ہونگی:ترنمول کانگریس

   


کولکاتہ ۔ ترنمول کانگریس نے کہا کہ مغربی بنگال میں پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد ممتا بنرجی ہی چیف منسٹر بنیں گی۔ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کو وزیر اعلی بنایا جائے گا وہ الجھن پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ترنمول ترجمان سوگت رائے نے کہا پارٹی نے بارہا یہ واضح کیا کہ ممتا بنرجی ہی چیف منسٹر ہونگی۔ممتا کے نام پر پارٹی انتخاب لڑے گی۔سوگتا رائے نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ممتا بنرجی چیف منسٹر بنیں گی مگر امیت شاہ عوام کو گمراہ کرنے جھوٹے دعوے کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ یہ دعویٰ صرف انتشار پیدا کرنے کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ امیت شاہ نے اتوار کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہوڑہ میں جلسہ سے خطاب میں دعویٰ کیاکہ ترنمول کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ ممتا بنرجی کے بھتیجے کو چیف منسٹر بنایا جائے ۔ترنمول سے بی جے پی میں شامل راجیو بنرجی پر تنقید کرتے ہوئے رائے نے کہا کہ ان جیسے لوگ یقینا غدارہیں ۔ ہوڑہ جلسے میں راجیو بنرجی نے کہا کہ پارٹی تبدیل کرنے والوں کو جتنا زیادہ غدار کہا جائے گا ، اتنا انہیں مقبولیت حاصل ہوگی۔ ترنمول لیڈراور ریاستی وزیر چندریما بھٹاچاریہ نے کہا کہ باہر سے آنے والے لیڈر بنگالی عوام کو گمراہ کرنے کوشش کررہے ہیں مگر عوام باشعور ہیں اور گمراہ نہیں ہوں گے ۔